Skip to main content
مینیو

نوکری تلاش کرنے سے متعلق اہم سوالات کے جوابات

پی جی ایف آر سی کے مشیر فیصل شبیر گفتگو کے دوران

نوکری تلاش کرنے سے متعلق اہم سوالات کے جوابات

چاہے آپ نوکری تلاش کررہے ہوں،نیا ہنر سیکھنا چاہتے ہوں یا پھر مستقبل کے حوالے سے کوئی نیا قدم اٹھانا چاہتے ہوں، پاکستانی – جرمن فیسلیٹیشن اینڈ ری انٹی گریشن سینٹر (پی جی ایف آر سی) آپ کی مدد کیلیے یہاں موجود ہے۔ ہمیں آپ کو مشورہ دے کر خوشی ہوتی ہے اس سے قطع نظر کہ آپ حال ہی میں واپس اپنے وطن لوٹے ہیں یا پھر آپ ہمیشہ سے ہی پاکستان میں مقیم ہیں۔ درج ذیل میں آپ نوکری کی تلاش اور حصول سے متعلق اہم سوالات کے جوابات ڈھونڈ پائیں گے۔

میرے پاس نوکری نہیں ہے – میں کیا کرسکتا ہوں؟

آپ پی جی ایف آر سی سے رابطہ کرسکتے ہیں اور ہماری ٹیم نئے مواقعوں کے حوالے سے آپ کو مشورے دیکر خوش ہوگی۔ پہلے انٹرویو( سوال جواب کی نشست) میں ہمارے مشیر آپ کی مہارت اور پیشہ وارانہ تجربے کا جائزہ لیں گے۔ اس کے بعد ٹیم آپ کے علم اور تجربے کی بنیاد پر آپ کی خواہشات اور ضرورتوں کو سامنے رکھتے ہوئے منصوبہ تشکیل دے گی۔

میرے پاس کام کا کوئی تجربہ نہیں۔ کیا آپ اب بھی میری مدد کرسکتے ہیں؟

ہمارا نیٹ ورک انتہائی وسیع ہے ہمارے مشیر آپ کو کسی شراکت دار ادارے بھی بھجواسکتے ہیں۔ اس کا انحصار آپ کی دلچسپی پر ہے۔ آپ تکنیکی، پیشہ وارانہ یا پھر دیگر کورسز میں حصہ لے سکتے ہیں۔ جن کے ساتھ ہم کام کرتے ہیں اُن میں شامل ہیں ٹیوٹا (ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی) اور پنجاب اسکلز ڈیولپمنٹ فنڈ۔ نوکری کے حوالے سے اپنے مواقعوں کو بڑھانے کیلیے آپ اعلیٰ تعلیم کے سرٹیفکیٹ کورسز اور گریجویشن اور ماسٹر ڈگری پروگرام میں بھی داخلہ لے سکتے ہیں، مثال کے طور پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں۔ یا پھر فوری کام کا تجربہ حاصل کرسکتے ہیں: وزیراعظم کا نوجوانوں کیلیے انٹرنشپ پروگرام ایک سال کی انٹرنشپ تنخواہ کے ساتھ ایک بہتر آپشن ہو سکتا ہے۔ 

میں پاس ضروری مہارت اور کام کا تجربہ ہے لیکن اب بھی نوکری نہیں مل رہی۔ ایسے حالات میں آپ کیسے میری مدد کرسکتے ہیں؟

ہم مختلف طریقوں سے آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ کی پروفائل اور کور لیٹر تیار کرنا،انٹرویو کیلیے تیاری کرانا اور درخواست کے عمل کے دوران آپ کے کاغذات اور مہارت کی تصدیق کرانا۔ ہم نوکری کیلیے مناسب اشتہار کی تلاش اور نوکری کی تلاش کے آن لائن پورٹلز (ویب سائٹس) پر اندراج میں مدد کریں گے۔ آپ پی جی ایف آر سی کی جانب سے کرائے جانے والے تربیتی پروگرام برائے درخواست میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔ ہم آپ کی مہارت کو مدنظر رکھتے ہوئے براہ راست کسی نوکری کیلیے بھی بھجواسکتے ہیں۔ 

میرے پاس نوکری کیلیے ضروری مہارت ہے لیکن اس کیلیے ضروری اسناد نہیں۔ میں کیا کرسکتا ہوں؟

ہم اپنے پروگرام ریکگنیشن آف پریئر لرننگ (آر او پی ایل) کے ذریعے آپ کی مہارت کی تصدیق حاصل کرنے میں مدد کرسکتے ہیں۔ اگر آپ کی مہارت میں کچھ کمی ہوئی ہم کچھ مخصوص تربیتی کورسز کا مشورہ دے سکتے ہیں جہاں سے آپ سند حاصل کرسکتے ہیں، مثال کے طور پر پنجاب ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ سے۔

میرے پاس نوکری ہے لیکن میں مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہوں۔ مواقع کیا ہیں؟
آپ پیشہ وارانہ کورسز اور اعلی تعلیم کے پروگراموں میں اندراج کرواسکتے ہیں جو کہ آپ کی پروفائل کو بہتر بناسکتا ہے۔ یہ آپ کو مستقبل کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بہتر امکانات فراہم کرسکتا ہے اور آپ کی آمدنی بڑھا سکتا ہے۔ ہم آپ کو اس حوالے سے مشورہ دے سکتے ہیں۔

اس وقت کسی نوکری کی مانگ زیادہ ہے؟
 

اس وقت سب سے زیادہ مانگ سولر پینلز لگانے والے ماہرین اور موبائل فون کی مرمت کرنے والے کاریگروں کی ہے۔ الیکٹرانکس کے شعبے میں بھی ماہرین کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ دیگر شعبوں میں بھی کافی مانگ ہے لیکن یہ بہت مختلف ہے۔ ہم مارکیٹ کی ریسرچ کے مطابق ایسی نوکریوں کی نشاندہی کرتے رہتے ہیں جن کی مانگ زیادہ ہوتی ہے۔

کیا مجھے مشاورت کیلیے رقم ادا کرنا پڑے گی؟

پی جی ایف آر سی کی تمام خدمات اور مشاورت بالکل مفت ہیں۔ ہم جن اداروں کے ساتھ کام کرتے ہیں اُن کی جانب سے کرائے جانے والے کورسز اور تربیتی نشستوں کی کچھ معمولی فیس ہوسکتی ہے۔ تاہم ہم اس حوالے سے مشاورت میں ہی واضح کردیتے ہیں اور اگر ضرورت ہوتی ہے تو ممکنہ امداد یا پھر متبادل کے بارے میں بارے میں بات کرتے ہیں۔ 
 

حیثیت: 07/2021